ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی، عصر حاضر کے شگفتہ بیان شاعر
(ڈاکٹر نصرت جہاں)
معروف شاعر،نقاد، دانشور ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی کی شخصیت کسی تعارف کی
محتاج نہیں ہے۔ وہ1977میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے دہلی آئے اور اسی
شہر کے ہو کر رہ گئے ۔وہ 25 دسمبر1954کو ہندوستان کے شہر اعظم گڑھ (یو پی)،
محلہ باز بہادر میں رحمت الٰہی برقؔ اعظمی کے ہاں پیدا ہوئے جو ایک کہنہ
مشق شاعر تھے اور جنہیں جانشینِ دا غؔ حضرت نوحؔ ناروی سے شرفِ تلمذ حاصل
تھا۔ ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی کے بڑے بھائی ڈاکٹر رحمت علی اکمل، ڈاکٹر
شوکت علی شوکت اعظمی اور برکت علی برکت اعظمی بھی شعر و سخن سے خاص شغف اور
لگاؤ رکھتے ہیں۔ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی درجہ پنجم تک مدرسہ اسلامیہ باغ
میر پیٹو ، محلہ آصف گنج، شہر اعظم گڑھ کے طالب علم رہے، بعدازآں انہوں نے
1969 میں ہائی اسکول،1971میں انٹرمیڈیٹ، 1973میں گریجویشن، 1975میں ایم اے
اردو اور 1976 میں بی ایڈ کی سند حاصل کی ۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے
انہوں نے دہلی کا رخ کیا اور 1977 میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی ،نئی دہلی
سے ایم اے فارسی اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور 1983 میں عملی طور پر
میڈیا (آل انڈیا ریڈیو کے شعبۂ فارسی) سے وابستہ ہوگئے